22 نومبر ، 2012
اسلام آباد…صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈی ایٹ کانفرنس کا انعقاد اعزاز ہے، ڈی ایٹ کانفرنس اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔وہ ڈی ایٹ کے چےئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سربراہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر پاکستان نے کہا کہ ہمیں لازمی طورپرخودمختارہوناہوگا، ہمیں معاشی ترقی کی طرف توجہ رکھنی ہوگی، ڈی ایٹ صرف 8 ممالک نہیں بلکہ آٹھ جمہوریتیں ہیں، آج 8جمہوری ریاستیں ایک جگہ ہیں،ڈی ایٹ ممالک کے تجارتی اور ترقیاتی بینک بھی قائم ہونے چاہئیں، ڈی ایٹ ممالک کو اشیا، افراد اور سرمائے کی آزادانہ ترسیل کی ضرورت ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ مصرمیں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے، ڈی ایٹ میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اپنے ایجنڈے پرکام کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن عمل کی حمایت کرتا رہے گا، پاکستانی معیشت کو ترقی کرنی چاہیے، فلسطین پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، بنگلا دیش کے ساتھ ہمارے تعلقات غیر معمولی ہیں،نجی شعبے کوآگے بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اپنے اقدار اور پیغمبر اسلام کے مذہب کے لیے لڑتے رہیں گے،اسلام کوہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،ہم افغان امن ومفاہمت کے روڈ میپ کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر دن دہشت گردوں سے لڑرہے ہیں، ملالہ یوسف زئی نے دہشت گردوں کوشکست دی، ملالہ یوسف زئی ہر بچی کی تعلیم کے حق کے لیے کھڑی ہوئی، دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جمہوریت ہماری رگوں میں ہے،میری شریک حیات کودہشت گردوں نے شہیدکیا، ہم اپنی اقداراوراپنے عظیم دین کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔