22 نومبر ، 2012
راولپنڈی … پنجاب حکومت نے حساس مقامات کیلئے فوج اور رینجرز کو طلب کرلیا جبکہ کل سے صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ذوالفقار کھوسہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی پہلے بھی سخت تھی، اب مزید سخت کریں گے، موبائل فونز پر پابندی سے متعلق وزیر داخلہ رحمان ملک کا کوئی پیغام نہیں ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل صبح سے پنجاب میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ صوبے کے حساس مقامات کیلئے فوج اور رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔ ذوالفقار کھوسہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے جلوس کی سیکیورٹی بہتر تھی، تاہم اب سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے امداد کا اعلان کردیا ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے، شدید زخمی کو 75 ہزار اور معمولی زخمی کو 25 ہزار دیئے جائیں گے جبکہ متاثرین کا مکمل علاج بھی کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ذوالفقار کھوسہ نے اسپتال میں راولپنڈی دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔