24 اگست ، 2022
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج اور کل کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی شہر میں مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 14کلو میٹرفی گھنٹہ ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی اور گرد و نواح میں بارش کا تیز اسپیل کل تک جاری رہے گا، آج اور کل شہر میں کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش ہو گی، تیز بارش کا اسپیل کل تک ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بالائی، مرکزی سندھ میں اگست کے دوران اب تک 1000 ملی میٹر سے زائد بارشیں ریکارڈ ہو چکی ہیں۔
سردار سرفراز نے کہا کہ دادو، لاڑکانہ، سکھر اور دیگر شہروں میں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان میں آج سے 26 اگست تک تیز بارشیں ہوں گی لیکن قلعہ سیف اللہ اور قریبی علاقوں میں27 اگست تک بارشیں رہیں گی۔