19 فروری ، 2012
واشنگٹن…امریکی رکن کانگریس ڈانا روہرا بیکر کی جانب سے بلوچستان کے عوام کو حق خودارادیت دینے کے حوالے سے امریکی ایوان نمائندگان میں پیش کردہ قرار داد منظور ہونے کی توقع نہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ری پبلیکن رکن ڈانا روہرابیکر پاکستانی حکومت کے پرانے ناقدین میں شامل ہیں اور توقع ہے کہ ان کی پیش کردہ قرارداد کو نمایاں حمایت حاصل نہیں ہوگی ، امریکی صدر بارک اوباما کی انتظامیہ نے ، جو ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتی ہے، اپنا نمائندہ ڈانا روہرا بیکر کی سب کمیٹی میں سامنے بھیجنے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ بلوچستان کو پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق امریکا پاکستان میں امن وامان کی خراب صورتحال سے پریشان رہا ہے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی بلوچستان کے معاملات پر توجہ دینے کا تقاضا کرچکی ہیں۔