28 اگست ، 2022
تونسہ کے شہر وہوا کی پانی فراہم کرنے والی واٹر سپلائی لائنیں کوہ سلیمان کے سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں جس کے باعث لوگ اس وقت صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔
وہوا پنجاب کی حدود کا آخری شہر ہے اس سے چند کلومیٹر آگے صوبہ کے پی کے اور بلوچستان شروع ہو جاتا ہے اس کا زمینی پانی کڑوا ہونے کے باعث10 کلومیٹر دور پہاڑی علاقے مٹھوان سے واٹر سپلائی کی 3 بڑی لائنیں بچھا کر اس شہر کی 70 ہزار آبادی کو پینے کے لیے ہر 10 روز بعد ایک مرتبہ پانی فراہم کیا جاتا تھا۔
اس پانی کو لوگ گھروں میں اسٹور کرکے استعمال کرتے ہیں لیکن کوہ سلیمان کے سیلابی ریلوں نے جہاں وہوا شہر اور اس کی نواحی بستیوں کو صف ہستی سے مٹا دیا وہیں واٹر سپلائی لائنوں کا بھی نام و نشان نہیں بچا۔
وہوا کا شمار پنجاب کے سب سے پسماندہ علاقوں میں کیا جاتا ہے، غربت کے باعث یہاں کے لوگ عام حالات میں بھی خرید کر صاف پینے کی سکت نہیں رکھتے اور اب جب ان کے گھر کی نا چھت باقی رہی اور نا کھیتوں میں کوئی فصل بچی، ایسے میں شہر میں مخیر حضرات کی جانب سے لگایاجانے والا اکلوتا واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی سیلابی پانی کی نذر ہو چکا ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ انہیں کوئی اور سہولت دے یا نا دے لیکن ان کو صاف پانی فراہم کرنے والی واٹر سپلائی کی لائنوں کو فوری طور پر بحال کرے۔