03 ستمبر ، 2022
افغانستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر راشد خان ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راشد خان نے کہا کہ ایشیا کپ میں اب تک اچھے میچز رہے ہیں، اب سپر فور پر فوکس ہے اور کوشش ہے کہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں نے پہلے مرحلے میں ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، سپر فور مرحلے میں کوشش ہو گی کہ جو غلطیاں پہلے مرحلے میں کیں ان کو نہ دہرائیں۔
ورلڈ کلاس اسپنر نے کہا کہ تمام ایشیائی ٹیموں نے ان کنڈیشنز میں بہت کھیلا ہوا ہے اس لیے افغانستان سمیت کوئی ٹیم یہاں انجان نہیں ہے کیونکہ کوئی ٹیم یورپ سے نہیں آئی سب کو یہاں کے موسم اور پچز کا پتہ ہے، اس لیے کسی کو یہاں مشکل نہیں ہے۔
لیگ اسپنر نے کہا کہ ہم سب کی کوشش یہی ہے کہ تیاری اچھی ہو اور میدان میں اچھا کھیلیں، ہم بحثیت ٹیم ایشیا کپ میں 100 فیصد دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
راشد خان کا کہنا ہے کہ ہماری بولنگ ہمیشہ سے اچھی رہی ہے، کنڈیشنز کے مطابق کھیلتے ہیں، فاسٹ بولر فضل حق فاروقی نے بھارتی لیگ میں اچھا پرفارم کیا، انہیں ایکسپوژر ملا اور انہوں نے جو معیار قائم کیا سب اس تک پہنچنا چاہتے ہیں۔
افغان اسپنر کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کرتے ہیں کہ فاسٹ بولنگ میں اٹیک کریں اور پھر مڈل میں اسپنرز کے لیے تھوڑی آسانی ہوتی ہے۔