25 نومبر ، 2012
کراچی…حکومت سندھ نے کراچی میں ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی ہے ،اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ نے نوٹی فیکشن جاری کردیا ہے، دریں اثناء مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے موبائل فون پر پابندی کراچی سمیت 52شہروں سے اٹھائے جانے کے بعد اب ان شہروں میں لگ بھگ تمام نیٹ ورکس کے فون بحال ہوگئے ہیں اس طرح ملک بھر میں گزشتہ چند یوم سے جاری ڈبل سواری اور موبائل فون سروس پر پابندی سے لوگوں کو نجات حاصل ہوگئی ہے ۔جیونیوز کے نمائندے کامران رضی کے مطابق موٹر سائیکل پر سے ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کرنے کا نوٹی فیکشن اتوار کی شب جاری کیا گیا،اس سے شہریوں کو بڑی پریشانی تھی،انھوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کا جاری کردہ حکم نامہ صرف کراچی کے متعلق ہے،جبکہ حیدر آباد اور خیرپور میں ڈبل سواری پر پابندی مقامی طور پر لگائی گئی تھی تاکہ وہاں محرم کی مجالس کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے،اس حوالے سے وہاں کی مقامی انتظامیہ صورتحال کے مطابق احکامات جاری کریگی۔ادھر پابندی کے اٹھنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔