18 ستمبر ، 2022
انگلینڈ کے کرکٹر عادل رشید کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان کی عدم موجودگی سے پاکستان ٹیم کمزور نہیں ہوگی اور ہم7 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کو کسی صورت آسان حریف تصور نہیں کر سکتے۔
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو کے دوران 34 سالہ اسپنر نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 میچز کی سیریز کافی اہم ہے،17 سال بعد انگلینڈ کی کوئی ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے جس پر ٹیم کا ہر رکن کافی پر جوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کیلئے یہ سیریز اور بھی اسپیشل ہے اور وہ اس کا حصہ بننے پر کافی فخر محسوس کر رہے ہیں اور پرجوش ہیں کیوں کہ ان کے والدین کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ انگلش ٹیم یہاں 17 سال بعد پہلی بار کھیل رہی ہے اس پر صرف وہ ہی نہیں بلکہ ٹیم کا ہر رکن پرجوش ہے۔
ایک سوال پر عادل رشید نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سخت مقابلہ ہوگا کیوں کہ دونوں ٹیمیں کافی مضبوط ہیں، انگلینڈ کے پاس بھی اچھے بیٹرز، بولرز اور آل راؤنڈر ہیں اور پاکستان کے پاس بھی ایسا ہی ہے، ہوم گراؤنڈ پر پاکستان اور بھی مضبوط ٹیم ہے ، یہ دونوں ٹیموں کیلئے ایک سخت سیریز ہوگی۔
عادل رشید کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل، آئی پی ایل، بگ بیش کھیل کر پلیئرز کو ہر جگہ کی کنڈیشنز کا اندازہ ہوگیا ہے۔
انگلش پلیئرز کو حاصل پی ایس ایل کے تجربے پر تجربہ کار کرکٹر نے کہا کہ انگلینڈ کے کافی پلیئرز یہاں پہلے پاکستان سپر لیگ کھیل چکے ہیں اور انہیں کنڈیشنز کا اندازہ ہے، گویا ہمیں یہاں کا تجربہ ہے جس کی بنیاد پر ہم پہلی مرتبہ آنے والے پلیئرز کو یہاں کی کنڈیشنز اور وکٹس کے بارے میں آگاہ کرسکتے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی میں انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل کرسکتی ہے تو انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ٹیم ایفرٹ ہوتی ہے، پاکستان کا اسکواڈ کافی مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ فخر یا شاہین ہوں یا نہ ہوں، پاکستان پھر بھی ایک مضبوط ٹیم ہے، ہم اس ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھ سکتے، ہم اس سیریز کو جیتنے کیلئے اپنی بہترین پرفارمنس پیش کریں گے۔ دونوں اسکواڈ ہی مضبوط ہیں اور ہم دونوں ایک اچھی سیریز کیلئے پر امید ہیں۔
کراچی اور لاہور میں ہونے والے 7 میچز میں ہاؤس فل کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انگلینڈ کے اسپنر نے کہا کہ بلاشبہ میری خواہش ہے کہ یہاں ہاؤس فل کراؤڈ ہو، یہ ہی کہوں گا کہ جو بھی جہاں بھی آسکتا ہے وہ ضرور آئے اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں کیوں کہ یہاں کافی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔