27 ستمبر ، 2022
اسلام آباد: گزشتہ روز وطن واپس پہنچنے والے مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈارکی نااہلی کے لیے دائر درخواست پٹیشنر کی طرف سے واپس لے لی گئی۔
الیکشن کمیشن میں اسحاق ڈار کی نااہلی کے لیے درخواست پرسماعت ہوئی، نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنا چاہتے ہیں، اسحاق ڈار کے خلاف درخواست واپس لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریری بیان جمع کروانےکی ہدایت پر درخواست گزار اظہر صدیق نے درخواست واپس لینےکا تحریری بیان جمع کرادیا۔
تحریری بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے،کیس میں قانون کی تشریح درکار ہے، مجاز فورم سے رجوع کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈارکا کسی بھی وقت بطور سینیٹر اور وزیر خزانہ حلف اٹھانےکا امکان ہے۔