27 ستمبر ، 2022
اسلام آباد: آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس کے معاملے پر اشتہاری ملزم قرار دیے گئے اسحاق ڈار کا سرینڈر کرنے کے لیے آج احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔
آج وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ احتساب عدالت پہنچے تو انہوں نے آئی جی سے بات کرتے ہوئےکہا کہ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر آج چھٹی پر ہیں، جج جب آئیں گے تو ہم بھی اسی روز آ جائیں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور مسلم لیگ کے رہنما احتساب عدالت سے واپس چلےگئے۔
اس سے قبل اسحاق ڈار کی احتساب عدالت میں متوقع پیشی کے پیش نظر عدالت کے اطراف سکیورٹی سخت کردی گئی تھی اور جوڈیشل کمپلیکس جانے والے راستےکو خاردار تاریں لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔
خیال رہےکہ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری 7 اکتوبر تک معطل کر رکھے ہیں، عدالت نے تحریری حکم میں کہا تھا کہ ملزم خود عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے تو ایک موقع دیا جانا ضروری ہے۔
عدالت نے تحریری آرڈر میں لکھا کہ اسحاق ڈار کے وارنٹس ان کی عدالت حاضری یقینی بنانے کے لیے ہی تھے۔
یاد رہےکہ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف 8 ستمبر 2017 کو آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائرکیا تھا، احتساب عدالت نے 27 ستمبر 2017 کو اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی تھی، 11 دسمبر2017 کو بیرون ملک ہونے کی وجہ سے عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
اسحاق ڈارگزشتہ روز 5 سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کرکے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ لندن سے اسلام آباد پہنچے تھے۔