27 ستمبر ، 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنا تحریری استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردیا۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل لندن میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا۔
بعد ازاں ٹوئٹر پر ایک بیان میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آج میں نے نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ایک میٹنگ میں وزیر خزانہ کے عہدے سے زبانی طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان پہنچنےکے بعد میں اپنا باقاعدہ استعفیٰ پیش کردوں گا۔
مفتاح اسماعیل کی جگہ وزیراعظم نے اسحاق ڈارکو وزیر خزانہ نامزد کیا ہے جو کہ ممکنہ طور پر کل وزارت کا حلف اٹھائیں گے۔