03 اکتوبر ، 2022
سندھ پولیس نے کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی دینے سے معذرت کر لی۔
اے آئی جی آپریشنز حیدر رضا کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ کو لکھے گئے خط میں استدعا کی گئی کہ 23 اکتوبر کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کا انعقاد ہونا ہے لیکن اس کے لیے فول پروف سکیورٹی کا انتظام ممکن نہیں۔
خط میں کہا گیا ہےکہ کراچی پولیس کی اپنی نفری سیلاب زدہ علاقوں میں خدمات انجام دے رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ جو اندرون سندھ سے نفری ملنی تھی، نجی سکیورٹی گارڈز ممکن نہیں ہیں کہ وہ کراچی پولیس کو مل سکیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہےکہ سکیورٹی کے لیے جو منصوبہ بندی کی گئی تھی اس کے لیے کم از کم ساڑھے 16 ہزار اہلکاروں کی کمی ہے جس کے باعث کراچی پولیس کے لیے انتظامات کرنا نا ممکن ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ سے استدعا کی گئی ہے کہ کم از کم 3 ماہ کے لیے انتخابات کو آگے بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ کوارٹرز سے یہ معاملہ اٹھائیں۔