07 اکتوبر ، 2022
امریکی عدالت نے ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کی درخواست پر ٹوئٹر کے حصول پر قانونی چارہ جوئی معطل کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت نے فریقین کو 28 اکتوبر تک معاہدے کو حتمی شکل دینے کاحکم دے دیا اور معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں مقدمے کی سماعت نومبرکے لیے دوبارہ شیڈول کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کے یوٹرن لینے کے بعد ٹوئٹر ایک بار پھر کمپنی کو 54.20 ڈالرز فی حصص کی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے تیار ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں تصدیق کی گئی کہ اسے ایلون مسک کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں سوشل میڈیا نیٹ ورک کی خریداری کا معاہدہ 54.20 ڈالرز فی حصص میں مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔