وہ سمندری جاندار جو گریٹ وائٹ شارک کا شکار کرتا ہے

ایک نئی تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / اسکرین شاٹ
ایک نئی تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / اسکرین شاٹ

ویسے تو سمندر میں گریٹ وائٹ شارک سے سامنا ہونے کا خیال انسانوں کو رونگٹے کھڑے کرسکتا ہے۔

مگر سمندر کے اس شکاری کو ایک اور جاندار شکار کرتا ہے۔

جی ہاں ایک نئی تحقیق میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اورکا یا کِلر وہیل گریٹ وائٹ شارکس کا شکار کرتی ہے۔

اس سمندری ممالیہ جاندار کی جانب سے شارک مچھلی کے شکار کو ایک ڈرون کے کیمرا میں ریکارڈ بھی کیا گیا۔

جنوبی افریقا کے ساحلی علاقے کے قریب کِلر وہیل کے ایک گروپ کو شارکس کا پیچھا کرکے شکار کرتے ہوئے ڈرون کیمرے میں ریکارڈ کیا گیا۔

جنوبی افریقا کے میرین ڈائنامکس اکیڈمی کی اس تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ اس سے پہلے کِلر وہیل کا ایسا رویہ اتنی تفصیل کے ساتھ کبھی دیکھنے میں نہیں آیا تھا۔

مئی میں ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو میں ایک جگہ دکھایا گیا ہے کہ 5 کِلر وہیل ایک گریٹ وائٹ شارک کو شکار کررہی ہیں۔

محققین کے مطابق وہیل کی یہ قسم بہت زیادہ اور سماجی جاندار ہے، ان کا گروپ کی شکل میں شکار کرنے کا طریقہ کار بہت مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

اس سے پہلے خیال تو کیا جاتا تھا کہ وہیل کی یہ قسم گریٹ وائٹ شارک کا شکار کرتی ہے مگر اس حوالے سے شواہد نہ ہونے کے برابر تھے۔

محققین کے مطابق کِلر وہیل میں یہ رویہ تیزی سے پھیل رہا ہے کیونکہ یہ گروپ کی شکل میں رہتی ہیں اور ایک دوسرے سے سیکھتی ہیں۔

وہیل کے اس حملے کے بعد اس جگہ سے شارکس غائب ہوگئی تھیں اور اگلے 45 دن تک وہاں کوئی شارک مچھلی نظر نہیں آئی۔