Time 08 اکتوبر ، 2022
پاکستان

ممنوعہ فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی ایف آئی اے انکوائری کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی

ایف آئی اے کو فنڈنگ کیس کی تحقیقات، گرفتاریوں اور چھاپوں سے روکا جائے: درخواست میں مؤقف— فوٹو:فائل
ایف آئی اے کو فنڈنگ کیس کی تحقیقات، گرفتاریوں اور چھاپوں سے روکا جائے: درخواست میں مؤقف— فوٹو:فائل

تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)  انکوائری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے کو فنڈنگ کیس میں گرفتاریوں اور چھاپوں سے روکا جائے، ایف آئی اے نے سینیٹرسیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ مارا اور  ہراساں کیا۔

درخواست کے متن کے مطابق ایف آئی اے سیاسی بنیاد پر ہراساں کررہی ہے، ایف آئی اے انکوائری اور چھاپے غیرقانونی ہیں لہٰذا عدالت ایف آئی اے کو فنڈنگ کیس کی تحقیقات سے روکے۔

پی ٹی آئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت مخالف تحریک کے لیے فنڈز اکٹھے کیے، بیرون ملک سے ملنے والے تمام فنڈز قانون کے مطابق موصول کیے۔

درخواست میں سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے اور جسٹس عامر فاروق پیر کو پی ٹی آئی درخواست پر سماعت کریں گے۔

مزید خبریں :