19 فروری ، 2012
کراچی . . . . . ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، مری اور گلیات میں پیر اور بدھ کے دوران مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیاجبکہ پیر سے بدھ کے دوران بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں پیر اور بدھ کے دوران مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان میں چند ایک مقامات پر بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئٹہ، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ اتوار کو سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ پارا چنار میں منفی7، اسکردو، استور، مالم جبہ اور ہنزہ میں منفی 4 ڈگری رہا۔ مری میں درجہ حرارت منفی2، کوئٹہ، گلگت 1، اسلام آباد 5، لاہور6، پشاور8 اور کراچی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔