Time 12 اکتوبر ، 2022
پاکستان

عمران خان ہاشم ڈوگر سے خوش نہیں تھے، خود استعفیٰ لیا: حامد میر

عمران خان میرے لیڈر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، چیئرمین عمران خان نے کسی بات کا حکم نہیں دیا: ہاشم ڈوگر/ فائل فوٹو
عمران خان میرے لیڈر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، چیئرمین عمران خان نے کسی بات کا حکم نہیں دیا: ہاشم ڈوگر/ فائل فوٹو

سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ  سابق وزیراعظم عمران خان نے ہاشم ڈوگر سے استعفیٰ خود لیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر نے ہاشم ڈوگر کے استعفیٰ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اطلا ع کے مطابق وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر سے عمران خان نے خود استعفیٰ لیا ہے۔

حامد میر نے کہا کہ عمران خان وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر سے خوش نہیں تھے، ہاشم ڈوگر پر چارج شیٹ میں ایک الزام یہ بھی تھا کہ ان کا تعلق اسٹیبلشمنٹ کے سینئر افسر سے ہے اور یہ ان سے ابھی بھی ملتے ہیں، اس کے علاوہ یہ بھی الزام ہے کہ ہاشم ڈوگر نے پنجاب سے اسلام آباد لائے جانے والے کنٹینرز روکنے کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔  

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

دوسری جانب ہاشم ڈوگر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں  استعفے سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کردی۔

ہاشم ڈوگر نے  لکھا کہ  عمران خان میرے لیڈر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، چیئرمین عمران خان نے کسی بات کا حکم نہیں دیا، میں نے ذاتی وجوہات پر استعفیٰ دیا ہے اور ہمیشہ خان کا وفادار رہوں گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا، ہاشم ڈوگر نے ہاتھ سے لکھا ہوا اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو پیش کیا جس میں انہوں نے مستعفی ہونے کی  وجہ ذاتی  وجوہات کو  قرار دیا۔

مزید خبریں :