Time 13 اکتوبر ، 2022
پاکستان

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم ہونے تک امن قائم نہیں ہو گا: وزیراعظم

ہم بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن اس کا انحصار بھارت پر ہے: شہباز شریف۔ فوٹو پی ایم آفس
ہم بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن اس کا انحصار بھارت پر ہے: شہباز شریف۔ فوٹو پی ایم آفس 

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم ہونے تک امن قائم نہیں ہو گا۔

قازقستان میں ایشیا میں روابط اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق سیکا سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا سیکا سربراہی اجلاس سے خطاب فخر کی بات ہے، پاکستان سیکا پلیٹ فارم کو بہت اہمیت دیتا ہے اور قازقستان کی لیڈرشپ کی قدر کرتے ہیں۔

پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا عالمی حدت میں پاکستان ایک فیصد سے بھی کم کا ذمہ دار ہے لیکن سیلاب کے باعث پاکستان کو بہت نقصان ہو رہا ہے اور پاکستان کا ایک تہائی حصہ ڈوب چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا سیلاب سے زیر آب علاقے سمندر کا منظر پیش کر رہے ہیں، پاکستان میں ڈوبے افراد کا سب کچھ کھو چکا ہے، سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد بعض ممالک کی آبادی سے بھی زیادہ ہے، پاکستانی معیشت کو سیلاب سے 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا ہے، ہزاروں کلو میٹر سڑکیں اور انفرا اسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، سیلابی صورتحال میں مدد کرنے پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا بھارت جمہوریت کا دعویدار ہونے کے باوجو مقبوضہ کشمیر میں فوجی طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے، بھارت نے مقبوضہ وادی کے عوام کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کر رکھا ہے اور بھارت گزشتہ 7 دہائیوں سے جبر کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم ہونے تک امن قائم نہیں ہو گا۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا ہم بھارت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کی توقع رکھتے ہیں، پاکستان اپنی آنے والی نسلوں کے لیے پرامن فضا کا خواہاں ہے، بھارت پر منحصر ہے کہ وہ بامعنی مذاکرات سے ایشیا میں پائیدار امن کے لیے کردار ادا کرے۔

مزید خبریں :