15 اکتوبر ، 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے کہا کہ پچھلی بار حضرت نے پھونک ماری اور دعا کی تو اسحاق ڈار آگئے، یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمتیں کم کردیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے مفتی محمود کانفرنس میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔
وزیراعظم کا مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے کہنا تھاکہ پچھلی بار حضرت نے پھونک ماری اور دعا کی تو اسحاق ڈار آگئے، یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمتیں کم کردیں، اب پھر پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اعلان کرنا ہے تو حضرت کی خدمت میں حاضر ہوں گا پھر ایک پھونک مار دیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ میں نے پھونک کی بات کی ہے جادو ٹونے کی نہیں۔
بنی گالا اور عمران خان کا نام لیے بغیر شہباز شریف کا کہناتھا کہ حضرت اگر 'خاص' طرف دیکھ کر پھونک مار دیں، تو 22 کروڑ عوام کا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ عمران سے بڑا فراڈیا آج تک پیدا نہیں ہوا، جلسوں میں ویڈیو دکھاتے ہیں، پتا نہیں کیا کیا باتیں کرتے ہیں، پہلے کہتے تھے وہ فیصلے خود کرتے ہیں اب کہتے ہیں فیصلے نہیں کرنے دیے گئے ، تو پھر پونے چار سال کیا کرتے رہے؟