17 اکتوبر ، 2022
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 157 میں پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی نے شکست تسلیم کرلی۔
گزشتہ روز این اے 157 ملتان سمیت قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوئے ۔
این اے 157 ملتان 4 کے تمام 264 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 107327 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ان کے مدمقابل شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی اور پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی نے 82141 ووٹ حاصل کیے۔
پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی مہربانو قریشی کو 25 ہزار186 ووٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی۔
ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد اپنے ایک بیان میں مہر بانو قریشی نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت زندگی کا حصہ ہے، ہمیشہ اپنے لوگوں کی خوشحالی کو ترجیح دوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور دیانتداری سے حلقے اور پارٹی کی خدمت جاری رکھوں گی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارلیا اور غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 6 نشستیں جیت لیں جبکہ پیپلزپارٹی نے ملیر اور ملتان میں کامیابی حاصل کی ہے۔