پاکستان
20 فروری ، 2012

جیونیوز کی خبر پر نوٹس: تھانیدار معطل ،تین اہلکاروں کیخلاف مقدمہ

جیونیوز کی خبر پر نوٹس: تھانیدار معطل ،تین اہلکاروں کیخلاف مقدمہ

رحیم یار خان … رحیم یار خان میں پولیس نے نوجوان کو برہنہ کرکے چھترول کیا، جس سے نوجوان بے ہوش ہوگیا۔ ڈی پی او نے جیونیوز کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو معطل اور سب انسپکٹر سمیت تین اہل کاروں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرادیا۔سٹی تھانہ خان پور میں پولیس کے چھترول کھانے والا شخص تحصیل خان پور کے موضع نیل گڑھ کا رہائشی محمدحسین ہے۔ جسے گشت پر مامور پولیس اہل کاروں نے غیر قانونی پستول رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ چھترول سے نوجوان بے ہوش ہوگیا تو پولیس اہل کار سے طبی امداد کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال لے گئے۔ لیکن طبی امداد کے فورا بعد اسے واپس بھی لے گئے۔ جیونیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی پی او سہیل ظفر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او جام منظور کو معطل کردیا جبکہ سب انسپکٹر سمیت تین اہل کاروں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرادیا گیا۔ پولیس نے ایک سب انسپکٹر کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر دو اہل کاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ نوجوان محمد حسین کو طبی معائنہ کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :