Time 24 اکتوبر ، 2022
پاکستان

ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کیلئے نوٹسز جاری

عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور خارجہ کو ارشد شریف کی فیملی سے رابطے کر کے مطمئن کرنے کیلئے تمام اقدامات کرنے کی ہدایت کی— فوٹو:فائل
عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور خارجہ کو ارشد شریف کی فیملی سے رابطے کر کے مطمئن کرنے کیلئے تمام اقدامات کرنے کی ہدایت کی— فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینیئر صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل اور میت پاکستان لانے کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خارجہ کو نوٹس جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بیرسٹر شعیب رزاق کی درخواست پر سماعت کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سینیئر صحافی ارشد شریف کو کچھ حکومتی عناصر کی جانب سے دباؤ کا سامنا تھا، جان کو خطرے کے باعث اپنی حفاظت کے لیے انہیں دبئی جانا پڑا۔ 

درخواست  کے متن کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مختصر قیام کے دوران انہیں ملک چھوڑنے پر پریشرائز کیا گیا، برطانیہ کے لیے ویزہ پراسیس کو بھی رکوا دیا گیا اور ارشد شریف کینیا جانے پر مجبور ہوئے جہاں 24 اکتوبر کو انہیں گولی مار دی گئی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا صحافی ارشد شریف کو قتل کیا گیا ہے؟ ابھی میت کہاں ہے؟ 

بیرسٹر شعیب رزاق نے بتایا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بنایا جائے جو اس بات کی تحقیقات کرے کہ ارشد شریف کس وجہ سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے، وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائے کہ وہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے معاملے پر کینیا کی حکومت سے رابطہ کرے، وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کو ارشد شریف کی لاش پاکستان لانے کے اقدامات کی ہدایت کی جائے۔

عدالت نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ و سیکرٹری خارجہ فوری طور پر نمائندے مقرر کریں جو ارشد شریف کی فیملی سے رابطہ کریں اور انہیں مطمئن کرنے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں۔

عدالت نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :