25 اکتوبر ، 2022
چھاتی کے کینسر سے آگاہی کیلئے ہر برس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات بڑی تعداد میں ویمن پولو کھلاڑیوں کا ایکشن میں ہونا ہے۔
پاکستان میں پہلی مرتبہ 11 ویمن پولو پلیئرز ایکشن میں ہیں، ان میں 6 کا تعلق امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، بیلجیم اور یوکرین سے ہے۔
امریکا سے تعلق رکھنے والی ڈنیئل لوسی کا کہنا تھاکہ میں پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہوں، میری دوست ماریون ڈریکس گزشتہ برس لاہور پولو کھیلنے کیلئے آئی تھیں۔
انہوں نے مجھے کہا کہ لاہور میں پولو کا بہت مزہ آیا، بہت اچھا خیال رکھا گیا، گھوڑے بھی اچھے تھے میزبانی اچھی کی گئی، میں اس مرتبہ اپنی دوست کے ساتھ یہ سب تجربہ کرنے آئی ہوں، میں بہت پرجوش ہوں ، مجھے یقین ہے کہ میں بہت انجوائے کروں گی ۔
بیلجیم کی ماریون ڈریکس کا کہنا تھاکہ میں دوسری مرتبہ پاکستان آئی ہوں، گزشتہ برس مجھے یہاں بہت مزہ آیا تھا، میری خواہش تھی کہ مجھے دوبارہ بلایا جائے اور اب میری خواہش پوری ہو چکی ہے یہاں پولو کا معیار بہت اچھا ہے۔
پاکستان کی 5 ویمن کھلاڑی بھی مختلف ٹیموں کا حصہ ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں سے سیکھنے کو موقع ملے گا اور اس سے ویمن پولو کو بھی فروغ ملے گا۔
پولو ان پنک ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا جبکہ اس سے قبل آل ویمن پولو میچ بھی کھیلا جائے گا۔