Time 01 نومبر ، 2022
پاکستان

اسلام آباد پہنچیں گے تو پولیس ہمارے ساتھ مل جائے گی: عمران خان کا دعویٰ

مارچ صرف اسی صورت میں ختم ہوگا جب الیکشن فوری کرائے جائيں گے: سابق وزیراعظم— فوٹو: پی ٹی آئی
مارچ صرف اسی صورت میں ختم ہوگا جب الیکشن فوری کرائے جائيں گے: سابق وزیراعظم— فوٹو: پی ٹی آئی

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ جب اسلام آباد پہنچیں گے تو جو پولیس روکنے کے لیے لگائی گئی ہے وہ ہمارے ساتھ مل جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ پانچویں روز گوندلانوالہ اڈا پہنچ گیا۔ شرکا سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ مارچ صرف اسی صورت میں ختم ہوگا جب الیکشن فوری کرائے جائيں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں کہ جب چاہےرخ موڑ دو، چوروں کےخلاف کھڑے ہونا جہاد کرنا اللہ کاحکم ہے، یہ چور بیرونی سازش کے تحت ہم پرمسلط کیے گئے، اگر ہم نے بھیڑ بکریوں کی طرح ان کو قبول کرلیا توبھیڑبکریوں کاکوئی مستقبل نہیں ہوتا.

ان کا کہنا تھاکہ اگر آپ کے پاس گاڑی نہیں ہے بس پراسلام آبادآجانا، بس نہیں ہے تو موٹر سائیکل پر آجانا، موٹرسائیکل نہیں تو سائیکل پر آجانا، سائیکل نہیں ہے تو پیدل آجانا۔

وزیر داخلہ سے متعلق عمران خان کا کہنا تھاکہ وہاں بیٹھ کر چوہے ہمیں دھمکیاں دے رہےہیں، رانا ثنا اللہ وہاں سے بیٹھ کر دھمکیاں دے رہاہے، ، میں جانتاہوں، رانا ثنا اللہ تمہارے پسینے چھوٹ رہےہیں، شہباز شریف سے زیادہ صرف ایک آدمی بزدل ہے وہ ہے نواز شریف۔

انہوں نے کہا کہ جب اسلام آباد پہنچوں گا تو سارے پاکستانیوں کو کال دوں گا، اسلام آبادکے قریب پہنچیں گےتووہاں بلائی گئی پولیس ہمارےساتھ شامل ہوجائے گی۔

قبل ازیں دن میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی اور عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری دونوں مل کر پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

عمران نے نواز شریف کو انہی کے حلقے سے الیکشن میں ہرانے کا چیلنج بھی دے دیا اور کہا نواز شریف انتظار کررہے ہیں کہ طاقتور لوگوں سے این آر او مل جائے تو وہ واپس آئيں۔

مزید خبریں :