03 نومبر ، 2022
گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران قاتلانہ حملےکے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو زخمی حالت میں کنٹینر کے اندر لے جانےکے مناظر سامنے آئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد عمران خان کے کنٹینرکے اندر افراتفری پھیلی ہوئی ہے، اس دوران پی ٹی آئی کارکنان اور سکیورٹی پر مامور افراد عمران خان کو اٹھا کر کنٹینر میں لارہے ہیں۔
اس دوران عمران خان کے چہرے پر تکلیف کے آثار بھی نظر آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کےکنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ عمران خان اور فیصل جاوید سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی، حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔
زخمی ہونے والوں میں سینیٹر فیصل جاوید بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ احمد چھٹہ کی حالت تشویش ناک ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کو شوکت خانم اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔