22 نومبر ، 2022
وزیر دفاع خواجہ آصف نے آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہونے کی تردید کردی۔
سینیئر صحافی انصار عباسی کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سمری میں 6 سینیئر ترین افسران کے نام شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سمری میں سب سے پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے جبکہ دوسرا لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری میں لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا نام شامل ہے۔
تاہم وزیر دفاع خواجہ آصف نے آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہونے کی تردید کی ہے اور ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعظم کو ابھی سمری موصول نہیں ہوئی، سمری کی وزیراعظم آفس میں وصولی کنفرم وقت پرکی جائےگی۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ کوئی سمری موصول نہیں ہوئی، براہ کرم قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، سمری موصول ہونے پر اطلاع دے دی جائے گی۔