23 نومبر ، 2022
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے درمیان ملاقات میں پاک فوج میں دو اہم ترین تعیناتیوں پر مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں آرمی چیف اور جوائنٹ چیفس کی تعیناتی کے لیے بھجوائے گئے ناموں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم اور وزیر دفاع کی ملاقات میں 6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرل کے ناموں پر مشاورت کی گئی جس میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا نام شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سےابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا تاہم آج ہی تمام مشاورت مکمل کرلی جائے گی اور وزیراعظم پھر اس حوالے سے اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لیں گے جس کے لیے انہوں نے آج اجلاس بھی طلب کررکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد یہ سمری صدر کے پاس جائے گی جس کے بعد صدر کی منظوری سے سمری ایک بار پھر وزیراعظم ہاؤس آئے گی جہاں دو اہم تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائےگا۔