05 دسمبر ، 2012
کراچی…امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کا کہنا ہے کہ گھر گھر جاکر انتخابی فہرستوں کی تصدیق کروانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے شہر میں درست انتخابی فہرستوں،امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔ادارہ نورحق سے جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے سپریم کورٹ کے انتخابی فہرستوں سے متعلق فیصلے کا خیر مقدم کرتے کہاکہ فیصلہ عوام کے حق میں بہتر ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے انتخابی فہرستوں کی گھر گھر جاکر تصدیق کرنے سے کراچی کی انتخابی فہرستوں پر اعتراضات دور کئے جاسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کراچی کے مخصوص حالات میں شفاف انتخابات اور امن وامان کے قیام کیلئے امید کی کرن ہے محمد حسین محنتی کا کہنا ہے کہ اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ شہر میں انتخابی عمل کو ہائی جیک ہونے سے بچائے۔