05 دسمبر ، 2012
کراچی…بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے آئندہ تین ماہ کیلئے ہر قسم کے سائن بورڈز، بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔بلدیہ عظمی کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے گزشتہ روز ایک اجلاس میں یہ فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ بے ہنگم سائن بورڈز سے شہر کا امیج خراب ہو رہا ہے جبکہ ان میں مستقل اضافے کے باعث سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر شہریوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ شارع فیصل، شاہراہ قائدین اور شاہراہ پاکستان پر نیلام کئے گئے ہورڈنگز کے علاوہ لگائے جانے والے تمام سائن بورڈز کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے غیر معیاری سائن بورڈز بھی فوری طور پر ہٹائے جائیں۔