05 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے ایف آئی اے کے افسر حسین اصغر سمیت دیگر دو افسران کو مبینہ طورپر ہراساں کرنے کے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل اور فریقین کو کل طلب کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کے افسر حسین اصغر کو مبینہ ہراساں کرنے کے معاملے پر ازخود نوٹس لے لیا ہے،حسین اصغر سپریم کورٹ کے حکم پر حج اسیکنڈل کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ انہیں قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی میں بھی طلب کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس جسٹس افتخارمحمدچودھری نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمریم خان اور پولیس افسر خرم کے تبادلے کا بھی نوٹس لیاہے۔پولیس افسر خرم نے سابق فوجی افسر کے خلاف بوگس چیک کا مقدمہ درج کیا تھاجبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمریم خان کاکسی وجہ کے بغیرایک ماہ بعدتبادلہ کردیاگیا۔ سپریم کورٹ نے کل (جمعرات کو)تینوں افسران اور اٹارنی جنرل کو عدالت میں طلب کر لیا ہے۔