05 دسمبر ، 2012
لاہور…مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ان کی جماعت صدر زرداری کے راستے کی دیوار نہ بنتی تو وہ اب تک جمہوریت کو کمزور کرنے کے کئی اقدامات کر چکے ہوتے۔رائے ونڈ میں پارٹی رہنماوٴں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے پارلے منٹ کی مدت پوری کرانے میں عوام کی رائے کو مدنظر رکھا اور اپنا کردار فرض سمجھ کر ادا کیا ، نواز شریف نے سندھ کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی حالت زار دیکھ کر دکھ ہوتا ہے ، سندھی بھائیوں کے مصائب میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے۔ سندھ کے سیلاب متاثرین دربدر ہو گئے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ، کراچی کے عوام بھی آج خوف زدہ اور پریشان ہیں ، سندھی بھائیوں کو حقوق دلوانے کے لیے جدوجہد تیز کی جائے گی۔ نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماوٴں کا اجلاس جاری ہے جس میں ملک کی سیاسی صورت حال ، آئندہ انتخابات کے لئے لائحہ عمل کی تیاری خصوصاً سندھ میں انتخابی اتحاد بنانے پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔