01 دسمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان کے نام سے مشہور وسیم اکرم اکثر ہی کھلاڑیوں کو میدان اور میدان سے باہر بولنگ ٹپس دیتے ہوئے نظر آتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی وہ کرکٹ سے متعلق بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
لیکن آج انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بولنگ کے تجربے کے بجائے سموسوں کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی۔
آخر معاملہ کیا ہے؟
دراصل وسیم اکرم نے جو ویڈیو شیئر کی اس میں معدے کی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹر اففان نے سموسے کھانے کی وجہ سے ہماری صحت پر ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ سموسہ جو آج کل سب کی من پسند غذا ہے، اس ایک سموسے میں 250 سے 400 تک کیلوریز ہوتی ہیں، جو گندے تیل میں بنتے ہیں، اس وجہ سے بلڈ پریشر اور موٹاپا ہماری صحت کو نقصان پہنچاتا ہے۔انہوں نے سموسے کی جگہ عوام کو گاجر کھانے کا بھی مشورہ دیا۔
تاہم وسیم اکرم نے ٹوئٹر پر سموسے کے نقصانات سے آگاہی کی یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'مجھے امید ہے کہ ہم بحیثیت قوم سمجھتے ہیں کہ تندرسی ہزار نعمت ہے'۔
وسیم اکرم نے ساتھ ہی صحت متعلق آگاہی لوگوں تک پہنچانے پر ڈاکٹر کا بھی شکریہ ادا کیا اور مداحوں کو یہ پیغام سننے کا مشورہ دیا۔