پاکستان
Time 04 دسمبر ، 2022

پنجاب میں بروقت کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف مقدمات درج

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پنجاب میں 25 نومبر سے کرشنگ شروع نہ کرنے والی 6 شوگر ملوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

کین کمشنر پنجاب حسین بہادر کی ہدایات پر بھکر، پتوکی، اوکاڑہ، بہاولنگر اور جھنگ میں کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔

کین کشمنر پنجاب کی ہدایات پر آدم جی شوگر ملز بہاولنگر کے مالک غلام احمد آدم، پتوکی شوگر ملز کے جنرل مینیجر فیضان فرخ لاشاری، عبداللہ شوگرملز اوکاڑہ کے مالک میاں حسیب الیاس اور شکر گنج شوگر ملز ون، ٹو جھنگ کے مالک الطاف سلیم کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

شگر ملوں کے مالکان کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آروں کے مطابق ان شوگر ملوں نے 25 نومبر تک گنے کی کرشنگ شروع نہ کر کے شوگر کین ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

25 نومبر تک کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے فی دن جرمانہ یا 3 سال سزا دی جا سکتی ہے۔