Time 07 دسمبر ، 2022
پاکستان

پرویز الہٰی کو مشورہ دیا تھا عمران حملہ کیس کی ایف آئی آر فوجی افسر کیخلاف درج نہ کریں: شجاعت

وفاق، پنجاب اور تمام صوبوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، آصف زرداری سے پنجاب کے معاملے پرکوئی بات نہیں ہوئی : سربراہ ق لیگ— فوٹو: فائل
وفاق، پنجاب اور تمام صوبوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، آصف زرداری سے پنجاب کے معاملے پرکوئی بات نہیں ہوئی : سربراہ ق لیگ— فوٹو: فائل

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو مشورہ دیا تھا کہ عمران خان حملہ کیس کی ایف آئی آر فوجی افسر کے خلاف درج نہ کریں۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ وفاق، پنجاب اور تمام صوبوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، آصف زرداری سے پنجاب کے معاملے پرکوئی بات نہیں ہوئی ۔

سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ آصف زرداری میری عیادت کیلئے آئے تھے، آصف زرداری سے پنجاب کےمعاملے پرکوئی بات نہیں ہوئی، ہوسکتا ہے مستقبل میں پرویز الہٰی سے متعلق کوئی بات ہو، پی ڈی ایم اور پرویز الہٰی کے بارے میں کوئی بات ہوئی تو بتادوں گا، پرویزالہٰی سے سیاسی رابطہ نہیں، قومی امور پر بات ہوجاتی ہے۔

چوہدری شجاعت نے مزید کہا کہ پرویز الہٰی کو میں نے مشورہ دیا تھا کہ فوجی افسر کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کریں، وفاق، پنجاب اور تمام صوبوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے، میرے ذاتی خیال میں پنجاب اسمبلی توڑنے سے آئینی بحران کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران سمیت تمام سیاست دانوں کو رابطہ کرنا چاہیے تاکہ کوئی ابہام پیدا نہ ہو، سیاست دانوں کے رابطے سے معیشت کو نقصان سے بچایا جاسکتا ہے، عمران خان بات کرنے کیلئے راضی ہوں تو خود وزیراعظم سے بات کروں گا۔

مزید خبریں :