پاکستان
Time 12 دسمبر ، 2022

خواہش سب کی ہو سکتی ہے لیکن کراچی کا میئر ایم کیو ایم کا ہو گا: وسیم اختر

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پالیسیوں سے ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو تقسیم کیا جاتا ہے، ایم کیو ایم مضبوطی اور جذبے کی ساتھ کھڑی ہے: ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم۔ فوٹو فائل
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پالیسیوں سے ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو تقسیم کیا جاتا ہے، ایم کیو ایم مضبوطی اور جذبے کی ساتھ کھڑی ہے: ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم۔ فوٹو فائل

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر وسیم اختر کا کہنا ہے کہ خواہش سب کی ہو سکتی ہے لیکن اس بار بھی شہر کا میئر حق پرست ہی ہو گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا خواتین کا ہمارے معاشرے اور سیاست میں اہم کردار ہے، شہر قائد نے ہمیشہ ایم کیو ایم کو مینڈیٹ دیا ہے، اس مینڈٹ میں خواتین کا بہت بڑا کردار ہے، خواہش ہر ایک کی ہو سکتی ہے لیکن کراچی کے عوام ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پالیسیوں سے ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو تقسیم کیا جاتا ہے، ایم کیو ایم مضبوطی اور جذبے کی ساتھ کھڑی ہے، ہم مشکلات کا سامنا کرنا جانتے ہیں، ہماری درخواست ہے کہ ہمیں بھی سیاسی آزادی دی جائے۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کراچی میں ایک بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں، لوگوں کو بتائیں گے کہ آج بھی کراچی کا مینڈیٹ ایم کیو ایم اور پتنگ کے ساتھ ہے، ایم کیو ایم کو چھوڑ کر اپنی جماعت بنانے والوں کو لوگوں نے مسترد کیا، تالا، موم بتی اور مچھلی کو عوام نے مکمل رد کر دیا۔

ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، ہم کراچی اور حیدرآباد میں اپنا میئر لائیں گے، ابھی بھی ایم کیو ایم کے پاس آپشنز ہیں، اب دیکھتے ہیں پیپلز پارٹی کتنی سنجیدہ ہے، ہماری نظر میں دھاندلی ہو چکی، ایسی صورتحال میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج تسلی بخش نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیانات جھوٹ اور دروغ گوئی پر مبنی ہوتے ہیں، عمران خان آج بھی اداروں کی ساکھ خراب کرنے میں مصروف ہیں، خواہش سب کی ہو سکتی ہے لیکن اس بار بھی شہر کا مئیر حق پرست ہو گا۔

مزید خبریں :