15 دسمبر ، 2022
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفاقی وزراء ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی کو پاکستان میڈیکل کمیشن قوانین میں بعض ترامیم پر تحفظات تھے، دونوں وفاقی وزراء نے پی ایم سی اور دوسری قانونی ترامیم کے معاملے پر صدر پاکستان سے ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم سی کی ترامیم پر صدر نے کچھ ترامیم سے اتفاق کیا، صدر کی جانب سے بل کی بعض شقوں پر اعتراض لگا کر واپس بھیجا جائے گا، صدر سے ملاقات کی روشنی میں حکومت بل منظوری کے لیے دوبارہ بھیجے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی نے دونوں وزراء کو توانائی میں بچت کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ذرائع صدر پاکستان نے بتایا کہ عارف علوی نے وفاقی وزراء سے کہا کہ تمام صوبوں سے بات کرکے پیٹرول، گیس اور بجلی بچانے کی منصوبہ بندی کریں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء کا کہنا تھا دو صوبے تو وفاقی حکومت کے ساتھ نہیں چلتے جس پر صدر پاکستان کا کہنا تھا آپ توانائی کی بچت کی منصوبہ بندی کریں، آپ کا ساتھ دوں گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر عارف علوی سے سردار ایاز صادق اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ملاقات کی تھی۔