Time 19 دسمبر ، 2022
پاکستان

ق لیگ کیساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ، عمران خان نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

کمیٹی مسلم لیگ ق کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ کے معاملات کو دیکھےگی: فواد چوہدری۔ فوٹو فائل
کمیٹی مسلم لیگ ق کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ کے معاملات کو دیکھےگی: فواد چوہدری۔ فوٹو فائل

لاہور: پنجاب میں مسلم لیگ ق کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسمنٹ کے معاملے پر مذاکرات کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے عمران خان کی منظوری سے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ شاہ محمود قریشی ہیں جبکہ دیگر دو ممبران میں پرویز خٹک اور فواد چوہدری شامل ہیں۔

فواد چوہدری نے بھی تصدیق کی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے لیے کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی انتخابی ایڈجسٹمنٹ کے معاملات کو دیکھےگی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے کمیٹی کی پہلی ملاقات کل ہو گی جس میں مذاکرات کے ایس او پیز طے کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی ان معاملات پر بھی غور کرے گی کہ جن نشستوں پر ق لیگ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا کہہ رہی ہے ان سیٹوں پر پی ٹی آئی امیدواروں کی کیا ورکنگ اور پوزیشن ہے اور پھر کمیٹی ضلعی تنظیم اور پنجاب کی تنظیم سے مشاورت کے بعد عمران خان کو رپورٹ پیش کرے گی جس کے بعد ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :