20 دسمبر ، 2022
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق الیکشن شیڈیول کے مطابق 31 دسمبر کو ہی ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر ، شاہ محمد جتوئی، نثار درانی، جسٹس اکرام اللہ کے دستخط سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ انتخابی عمل جاری رہےگا اور وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے باوجود بلدیاتی انتخابات 31 دسمبرکو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت کا نوٹیفکشن اسلام آباد مقامی حکومت ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی ہے، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں،کاغذات نامزدگی دائر ہو چکے ہیں، انتخابی نشان دیے جاچکے ہیں، 31 دسمبرکو بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں، بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور پولنگ عملے کی تربیت بھی مکمل ہو چکی ہے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں یونین کونسل کی تعداد 101 سے بڑھاکر 125 کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کیا، وفاقی حکومت نے ایسا الیکشن کمیشن کے اتفاق رائےکے بغیر کیا، یہ اسلام آباد بلدیاتی حکومت قانون کی خلاف ورزی ہے ۔