31 دسمبر ، 2022
لاہور میں پانچ دن سے احتجاج کرنے والے اساتذہ کے پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے۔
اساتذہ کی تنظیم کے میڈیا کوآرڈی نیٹر نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا حکومت نے یقین دلایا ہے کہ گریڈ 16 کے کنٹریکٹ اساتذہ کی مستقلی کا نوٹی فکیشن جلد جاری ہو جائے گا۔
لاہور میں زمان پارک کے سامنے اساتذہ کی جانب سے دیے گئے دھرنے میں شدید سردی کے باوجود بچے اور خواتین بھی شامل رہے۔
اساتذہ کا مطالبہ تھا کہ پنجاب حکومت اساتذہ کو نوکریوں پر مستقل کرے، دھرنے کے باعث مال روڈ، مغل پورہ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک جام رہا۔
پنجاب بھر کے اساتذہ پانچ دن سے کلب چوک، مال روڈ اور کینال روڈ پر زمان پارک کے باہر دھرنا دے رہے تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ 10 ہزار سے زائد اساتذہ 14 سال سے کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں، حکومت وعدے کرتی ہے لیکن مستقل نہیں کرتی۔
جمعے کی شام بھی خون جمادینے والی سردی میں مظاہرین نے زمان پارک کے باہر دھرنا دیا۔ خواتین کمسن بچوں کے ہمراہ دھرنے میں شریک رہیں۔