10 دسمبر ، 2012
بنوں…بنوں میں شدت پسندوں کا ککی تھانے پر حملے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت 8افراد جاں بحق ہوگئے ، جوابی کارروائی میں چارحملہ آور بھی مارے گئے جبکہ ایک روپوش ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش کا کام جاری ہے۔پولیس کے مطابق بنوں میں تھانہ ککی پر آج صبح ساڑے چھ بجے کے قریب شدت پسندوں نے خود کار ہتھیاروں سے حملہ کردیا، حملے کے وقت تھانے میں سولہ سے بیس پولیس اہلکار موجود تھے۔ شدت پسندوں کی فائرنگ سے تھانے کے قریب مسجد میں نماز پڑھ کر نکلنے والے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک پولیس اور شدت پسندوں میں فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ جس کے دوران ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں تین اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ بنوں شہر سے بلائی گئی پولیس کی بھاری نفری نے شدت پسندوں کو مسجد کے قریب گھیر لیا۔ جس چا ر حملہ آوروں نے ایک، ایک کرکے خود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ ایک حملہ آور علاقے میں روپوش ہوگیا۔ جس کی عمر 11 سے 12 سال بتائی جارہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے تھانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔