پاکستان
21 فروری ، 2012

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری،رابطہ سٹرکیں بند

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری،رابطہ سٹرکیں بند

اسلام آباد. . . .. . . . .ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت برقرار ہے۔ بعض علاقوں میں رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئی ہیں۔کالام، مالم جبہ، لواری ٹاپ اور شانگلہ ٹاپ سمیت مالاکنڈ ڈویڑن کے بالائی علاقوں میں تین روز سے وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید سردی کی وجہ سے لوگوں کے معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں۔ کچھ علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مینگورہ ، تیمرگرہ اور بٹ خیلہ میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ایبٹ آباد اور گلیات ، مانسہرہ، کوہستان ، بٹ گرام اور تورغر میں بھی بارش کے بعد موسم سرد ہے۔ شوگران اور ناران میں برفباری کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔بلتستان ڈویژ ن گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہے۔ استور میں مسلسل برف باری کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں اور کئی علاقوں میں خوراک اور ایندھن کی قلت ہے۔ چلاس ، دیامراور غذر میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ چترال کے سب ڈویڑن مستوج میں تین روز سے برف باری کے سبب لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔آزاد کشمیر میں مظفرآباد ، باغ ، ہٹیاں ، راولا کوٹ اور اٹھ مقام کے علاقوں میں کل دن بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ وادیء لیپا، گریز، شاردہ اور کیل میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔سرگودھا میں بارش سے موسم تو سرد ہوگیا لیکن شہریوں نے بھی سموسے اور پکوڑے کھا کر بارش اور سرد موسم کا مزہ لیا۔

مزید خبریں :