Time 10 جنوری ، 2023
پاکستان

اعتماد کا ووٹ: ارکان پنجاب اسمبلی کو غیرحاضر رہنے پر پارٹی ٹکٹ کی پیشکش ہونے لگی

پی ڈی ایم کی جانب سےخواتین اوراقلیتی ارکان اسمبلی پر خصوصی فوکس کیا جارہا ہے: ذرائع— فوٹو:فائل
پی ڈی ایم کی جانب سےخواتین اوراقلیتی ارکان اسمبلی پر خصوصی فوکس کیا جارہا ہے: ذرائع— فوٹو:فائل

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر مسلم لیگ قائد اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے ارکان توڑنے کیلئے بیک ڈور رابطے تیز کردیے۔

ذرائع کے مطابق بیک ڈور رابطوں میں اعتماد کے ووٹ کےموقع پر ارکان کو غیرحاضر رہنے کیلئے مختلف ترغیبات دی جا رہی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ارکان اسمبلی کو غیرحاضر رہنے کی صورت میں آئندہ پارٹی ٹکٹ دینے کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سےخواتین اوراقلیتی ارکان اسمبلی پر خصوصی فوکس کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری کی بھی آئندہ چند روز میں لاہور آمد کا امکان ہے، وہ وزارت اعلیٰ کے حصول کیلئے وفاقی وزرا کی معاونت کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا تھا تاہم اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

اس کے بعد یہ معاملہ لاہور ہائیکورٹ پہنچا تھا جہاں اعلیٰ عدالت نے اسمبلی نہ توڑنے کی یقین دہانی پر بحال کیا تھا اور اب اس کیس پر سماعت کل 11 جنوری کو ہوگی۔

مزید خبریں :