21 فروری ، 2012
قاہرہ…مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کے خلاف مقدمے میں حکومتی وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا قتل عام کرنے والے حسنی مبارک کو سزائے موت ملنی چاہیے۔ قاہرہ میں عدالت میں دلائل دیتے ہوئے حکومتی وکیل مصطفی سلیمان نے کہا کہ سابق مصری صدر نے سیکڑوں شہریوں کا قتل عام کیا۔ حکومت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران گولی مارنے کا حکم دیا،جس میں25جنوری سے11 فروری کے درمیان صرف18 دنوں میں850 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔وکیل کا مزید کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع میں سابق مصری صدر کا ساتھ دینے والے سابق وزیر داخلہ حبیب الایڈلے اور چار اہم سکیورٹی افسران کو بھی کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے۔