12 دسمبر ، 2012
کراچی…لانڈھی کے علاقے مظفرآباد کالونی میں دھماکے سے پولیس اہلکار اور ہوٹل کا مالک جاں بحق ہوئے،جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے پولیس افسر اور چچا بھتیجے سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ لانڈھی مظفرآبادکالونی میں واقع غریب نواز ہوٹل جہاں دوموٹرسائیکل سواروں نے دھماکہ خیز مواد ہوٹل کے باہر پھینکا اور فرار ہوگئے۔ دھماکے سے ایک پولیس اہلکارسمیت2افرادجاں بحق ہوئے، جبکہ ہوٹل اوردوموٹرسائیکلیں مکمل تباہ ہوئیں۔ ایس پی ملیر ڈاکٹر نجیب کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دھماکاخیزموادٹیبل کے نیچے رکھاگیاتھا۔ ایس پی سی آئی ڈی مظہر مشوانی کا کہنا ہے کہ دھماکا دیسی ساختہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا، جس میں تین سے 4 کلو دھماکا خیز مواد اور بیرنگ بالز استعمال کیئے گئے۔مظہر مشوانی کے مطابق دہشت گردی کی ان کارروائیوں میں ایک ہی گروپ ملوث ہے اوردہشت گرد شہر کی جانب نہیں جا پارہے اسی لیے مضافاتی علاقوں میں کارروائیاں کررہے ہیں۔ جبکہ رات گئے منگھوپیر روڈ پر واقع نیو میانولی کالونی میں 2 ٹرانسپورٹرز کے گھروں کے باہر دستی بم حملے کے نتیجے میں 8 سے زائد دکانوں اور علاقے کی مسجد کو نقصان پہنچا،جبکہ اطراف میں قائم رہائشی مکانات کے شیشے ٹوٹ گئے،ٹرانسپورٹر کا کہنا ہے بھتہ نہ ادا کرنے پر ملزمان نے نشانہ بنایاگیا۔بولٹن مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، فائرنگ سے تاجرکی ہلاکت کے خلاف دیگرتاجروں نے بھی احتجاج کیا اور دکانیں بند کردیں۔ نیوکراچی ایوب گوٹھ ،لانڈھی کے علاقے شیرپاوٴ کالونی ،میٹروول ،بلدیہ ٹاوٴن،کورنگی ضیاء کالونی میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکارسمیت 9افراد جاں بحق ہوئے۔