21 فروری ، 2012
لندن…برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ حکومت نے این ایچ ایس میں اصلاحات نافذ کرنے کا تہیہ کرلیا ہے، مجوزہ اصلاحات کے بارے میں چند حقائق ہیں جو ہمیں افشا کرنا ہیں، ہار نہیں مانوں گا میں نے تبدیلیوں کا عہد کر رکھا ہے اور انہیں نافذ کرکے رہوں گا۔انہوں نے یہ بات ڈاؤننگ اسٹریٹ پر علاج معالجے سے متعلق پروفیشنلز سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس ملاقات سے 8 رائل کالجوں سمیت ملک میں صحت سے متعلق اداروں میں جنہوں نے ہیلتھ اور سوشل کیئر بل پر اس بنیاد پر نکتہ چینی کی تھی کہ اس پر بحث میں انہیں مدعو نہیں کیا گیا تھا ایک تنازع اٹھ کھڑاہوا ہے۔ وزیر صحت جب ڈاؤننگ اسٹریٹ آئے تو انہیں مظاہرین کی برہمی کاسامنا کرنا پڑا۔ لیبر پارٹی کے قائد ملی بینڈ نے حکومت پر اصلاحات کے بارے میں بنکر ذہنیت اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے کہا ہے کہ وہ اس بل کو طاق نسیاں کے حوالے کرکے این ایچ ایس کے مستقبل کے بارے میں نئے سرے سے مذاکرات شروع کریں اور اس میں تمام متعلقہ فریقوں کو شامل کریں۔ ملاقات کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ مجوزہ اصلاحات کے بارے میں چند حقائق ہیں جو ہمیں افشا کرنا ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میں ہار نہیں مانوں گا۔ میں نے تبدیلیوں کا عہد کر رکھا ہے اور انہیں نافذ کرکے رہوں گا۔ ہم عوام کو این ایچ ایس کو بہتر بنانے کیلئے ہر بات سے آگاہ کریں گے۔