دنیا
Time 02 فروری ، 2023

آسٹریلیا کا نئے کرنسی نوٹ پر برطانوی بادشاہ کی تصویر استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

آسٹریلیا کے مرکزی بینک نے یہ اعلان کیا / فوٹو بشکریہ ریزرو بینک آف آسٹریلیا
آسٹریلیا کے مرکزی بینک نے یہ اعلان کیا / فوٹو بشکریہ ریزرو بینک آف آسٹریلیا

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی تصویر کو آسٹریلیا کے 5 ڈالر کے نئے کرنسی نوٹ پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔

یہ اعلان آسٹریلیا کے مرکزی بینک کی جانب سے کیا گیا۔

ریزرو بینک آف آسٹریلیا (آر بی اے) نے کہا کہ نئے نوٹ کے ڈیزائن میں ملک کے آبادی باشندوں کی ثقافت اور تاریخ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

اس وقت آسٹریلیا میں گردش کرنے والے 5 ڈالر کے نوٹ پر آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی تصویر موجود ہے۔

گزشتہ سال ملکہ کی موت کے بعد آسٹریلیا میں برطانیہ کی آئینی بادشاہت کے مستقبل کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی تھی۔

مرکزی بینک نے اپنے بیان میں کہا کہ ریزرو بینک بورڈ کا فیصلہ حکومت کی مشاورت کے ساتھ کیا گیا۔

بیان کے مطابق بینک کی جانب سے 5 ڈالر کے بینک نوٹ کے ڈیزائن کے لیے آسٹریلیا کے قدیم باشندوں سے مشاورت کی جائے گی۔

بیان میں بتایا گیا کہ نئے نوٹ کے ڈیزائن اور اشاعت میں کئی سال لگ سکتے ہیں، اس وقت تک موجودہ نوٹ کا اجرا جاری رکھا جائے گا۔

آسٹریلیا میں 5 ڈالر کا نوٹ واحد کرنسی نوٹ ہے جس میں برطانوی شاہی خاندان کے کسی فرد کی تصویر موجود ہے۔

مرکزی بینک نے کہا کہ نئے نوٹ کے ڈیزائن کو متعارف کرانے کے لیے ابھی کسی تاریخ کو طے نہیں کیا گیا۔