03 فروری ، 2023
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اس لیڈر کو بھی مدعو کیا ہے جو مجھ سے ہاتھ بھی ملانا پسند نہیں کرتا، امید ہے کہ منفی میں جواب نہیں آئے گا۔
گورنر ہاؤس کے پی میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ایک طرف ظلم کا بازار گرم کرنے والوں کو سیٹل کرنے کو تیار ہیں لیکن ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے اپنوں سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، اس طرح کے دہرے معیار نہیں چلیں گے۔
شہباز شریف کا کسی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا آل پارٹیز کانفرنس میں ایک پارٹی کے لیڈر کو بھی مدعو کیا ہے جو مجھ سے ہاتھ ملانا پسند نہیں کرتا، امید ہے نفی میں جواب نہیں آئے گا۔
ان کا کہنا تھا ذاتی پسند ناپسند سے بالاہوکر جدوجہد کرنی ہو گی، خیبرپختونخوا کو انسداد دہشتگردی کے لیے ملنے والی 417 ارب روپے کی آدھی رقم بھی خرچ ہوئی ہوتی تو صوبے کے عوام سکون کی نیند سوتے۔