05 فروری ، 2023
پاکستان کی عسکری قیادت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پرویز مشرف سابق صدر، سابق جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف رہے، اللہ مرحوم جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کو غریق رحمت کرے اور اللہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پسماندگان کو صبر و ہمت دے۔
اس کے علاوہ نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا اللہ پرویز مشرف مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
واضح رہے کہ پرویز مشرف کا انتقال اتوار آج 5 فروری کو دبئی میں ہوا جس کی تصدیق ان کے اہلخانہ نے کی۔
پرویز مشرف گزشتہ کئی عرصے سے دبئی کے امریکن اسپتال میں زیر علاج تھے۔