Time 07 فروری ، 2023
پاکستان

سندھ ہائیکورٹ کا کراچی میں مبینہ زہریلی گیس سے ہلاک تمام افرادکا پوسٹ مارٹم کا حکم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں مبینہ زہریلی گیس سے ہلاک افراد کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرنےکا حکم دیتے ہوئےکہا ہےکہ ہر مرنے والےکا پوسٹ مارٹم کرایا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ میں مواچھ گوٹھ اور کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہلاکتوں کےکیس کی سماعت ہوئی،  آئی جی سندھ، ڈپٹی کمشنر و دیگر سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے  آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ  ابھی تک کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں؟ آئی جی سندھ نے بتایا کہ ابھی تک 18 افراد ہلاک ہوئے ہیں،  جو ہمارے پاس آیا ہم نے مقدمہ درج کیا ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ  یہ ایک سنگین جرم ہے، سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے، پہلے بھی واقعہ ہوچکا ہے، ہم نے کہا تھا ایس ایس پی رینک کے آفیسر سے تحقیقات کرائی جائیں، ہر مرنے والے کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے، کیس کی تفتیش کے لیے ایس ایس پی رینک سے کم کا آفیسر نہیں ہونا چاہیے۔

 چیف جسٹس نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ پوسٹ مارٹم کرایا تھا؟ اس پر تفتیشی افسر نےکہا کہ صرف ایک کا پوسٹ مارٹم کرایا ہے۔

تفتیشی افسر کی کارکردگی پرچیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی صاحب آپ کی موجودگی میں یہ تفتیش کا معیار ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ جو فیکٹری سیل کی گئی تھی وہ ڈی سی نے دوبارہ کھول دی ہے۔

جسٹس یوسف علی سعید نے کہا کہ مقدمہ ہوا،تفتیش ہوئی اس کے بعد فائل بند ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

ڈی سی کیماڑی مختیار ابڑو کا کہنا تھا کہ میں نے فیکٹری کھولنےکی اجازت نہیں دی، ہم نے لوگوں سےکہا کہ قبروں کا بتایا جائے، لوگ ہمیں قبروں تک کا نہیں بتا رہے۔

چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئےکہا کہ  ایسے لوگوں کو پوسٹنگ ہی نہیں دینی چاہیے، جو لوگ اہل نہیں ہیں انہیں ہٹائیں ، یہ انسانی زندگی کا المیہ ہے۔

کیس کی سماعت کے بعد آئی جی سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عدالت نے تحقیقات کے لیے سینیئر لیول کی ٹیم بنانے کا حکم دیا ہے اور جاں بحق افراد کی موت کی وجوہات معلوم کرنے کا کہا ہے، واقعے کا الگ مقدمہ درج کرنے جا رہے ہیں۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اگر تفتیشی افسر کی طرف سے تاخیر ہوئی ہے تو ہم ایکشن لیں گے،  اس واقعے میں ایک شخص گرفتار ہے،4 نے ضمانت لے رکھی ہے۔

مزید خبریں :