Time 08 فروری ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی نے 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کیلئے جمعرات 16 مارچ کا دن مقرر کیا ہے، جمعرات معمول کار (ورکنگ ڈے) کا دن ہے: اسد عمر کا خط— فوٹو:فائل
الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کیلئے جمعرات 16 مارچ کا دن مقرر کیا ہے، جمعرات معمول کار (ورکنگ ڈے) کا دن ہے: اسد عمر کا خط— فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات 16مارچ کے بجائے 19مارچ کو کرانے کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر  نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو خط لکھا اور کہا کہ الیکشن کمیشن 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کیلئے جمعرات 16 مارچ کا دن مقرر کیا ہے، جمعرات معمول کار (ورکنگ ڈے) کا دن ہے اور جمعرات کو عوام کا بڑا حصہ اپنے نجی و سرکاری امور کی انجام دہی میں مصروف ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ ورکنگ ڈے پر پولنگ سے ووٹرز کا بڑا حصہ ووٹ کے حق سے محروم رہ سکتا ہے، اگر مقامی چھٹی کا فیصلہ کیاجاتا ہے تو بھی ٹرن آؤٹ پر منفی اثر کے امکانات ہیں۔

اسد عمر  کا کہنا تھاکہ الیکشن تاریخ میں معمولی تبدیلی سے ووٹرز کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوگی لہٰذا الیکشن کمیشن اپنے شیڈول پر نظر ثانی کرے اور جمعرات کے بجائے اتوار 19مارچ کو 33 حلقوں میں انتخاب کروائے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی 33 نشستوں پر 16 مارچ کو پولنگ ہوگی۔

مزید خبریں :